Breaking NewsEham Khabar

ایف بی آر کا ایکسپورٹرز پر ٹیکس فراڈ کا بے جا دبائو بے نقاب

کراچی (کسٹم بلیٹن) وفاقی ٹیکس محتسب نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ایکسپورٹرز کو بلاجواز ٹیکس فراڈ کے الزامات کے تحت ہراساں کیے جانے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے اعلیٰ عدالتی فیصلوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ایف ٹی او کے مطابق ایف بی آر کے ماتحت افسران بغیر کسی شوکاز نوٹس یا ذاتی سماعت کے، محض مشتبہ سپلائرز سے خریداری کی بنیاد پر معزز برآمدکنندگان کے سیلز ٹیکس رجسٹریشن نمبرز بلاک یا معطل کر رہے ہیں، جس سے نہ صرف ان کی برآمدی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی تجارتی ساکھ کو بھی دھچکا پہنچ رہا ہے۔ ایف ٹی او نے ایک ٹیکسٹائل ایکسپورٹر کی شکایت پر دی گئی اپنی سفارشات میں انکشاف کیا کہ متعلقہ ایکسپورٹر کا رجسٹریشن نمبر بغیر اطلاع کے معطل کر دیا گیا، حالانکہ اس نے تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے متعلقہ کمشنر کو تحریری درخواستیں دیں، ذاتی ملاقاتیں کیں اور حتیٰ کہ دس لاکھ روپے کی ادائیگی بھی احتجاجاً کی، مگر اس کے باوجود اس کی رجسٹریشن بحال نہ کی گئی۔ ایف ٹی او کے بقول، یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ مختلف فورمز پر ایسی درجنوں شکایات سامنے آ چکی ہیں جو ثابت کرتی ہیں کہ بعض افسران انصاف کے اصولوں کے برخلاف ایکسپورٹرز کو دباو¿ میں لا کر غیرقانونی ادائیگیاں لینے پر مجبور کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایسے اقدامات سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے طے شدہ فیصلوں کی سنگین خلاف ورزی ہیں، اور اگر ان پر فوری نظرثانی نہ کی گئی تو یہ ٹیکس نظام کی ساکھ، کاروباری برادری کے اعتماد اور ملکی معیشت کے لیے سخت نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button