چیف کلکٹر واجد علی کی ہدایت پر مشترکہ تجارتی سہولت کمیٹی قائم

کراچی(کسٹم بلیٹن) چیف کلکٹرساﺅتھ واجدعلی نے تجارتی سرگرمیوں اور کسٹمز کلیئرنس کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے لیے ملک کے بڑے تجارتی ادارے کی سفارش پر مشترکہ تجارتی سہولت کمیٹی تشکیل دے دی ہے یہ کمیٹی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی حالیہ میٹنگ میں اقتصادی خدمات سے متعلق قائمہ کمیٹی کی تجویز پر بنائی گئی ہے فیڈریشن کے کمیٹی کنوینر محمد ارشد جمال نے اس اقدام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ موجودہ فیس لیس کلیئرنس نظام سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لیے اس طرح کے فورم کا قیام ناگزیر تھا انہوں نے چیف کلکٹر واجد علی کا شکریہ ادا کیا کہ وہ کاروباری برادری کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں چیف کلکٹر نے باضابطہ طور پر کمیٹی کے قیام کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے جس میں سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے اہم نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے تاکہ تمام فریقوں کو نمائندگی حاصل ہو کمیٹی کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ تجارت و صنعت میں آسانی پیدا کرنے کاروبار کے اخراجات کم کرنے اور شفاف و محفوظ تجارتی ماحول قائم کرنے کے لیے سفارشات اور عملی تجاویز پیش کرے فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ فیڈریشن تجارتی و صنعتی شعبوں کی ترقی کے لیے پرعزم ہے اور یہ کمیٹی ایک ایسا مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرے گی جہاں تمام متعلقہ فریق مل کر کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کام کریں گے فیڈریشن نے کمیٹی کے لیے اپنے تین نمائندے نامزد کیے ہیں جن میں نائب صدرایف پی سی سی آئی آصف سخی، سابق نائب صدرایف پی سی سی آئی محمد ارشد جمال اور سابق نائب صدرایف پی سی سی آئی خرم اعجاز شامل ہیں ثاقب مگوں نے اس اقدام کو سرکاری و نجی شعبوں کے اشتراک سے تجارت کے نظام کو مزیدموثر شفاف اور جواب دہ بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ان کا کہنا تھا کہ اس کمیٹی کے قیام سے کسٹمز حکام اور کاروباری طبقے کے درمیان بہتر رابطہ قائم ہوگا اور کلیئرنس کے عمل میں موجود رکاوٹیں دور ہوں گی ذرائع کے مطابق مشترکہ تجارتی سہولت کمیٹی کا قیام حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ کاروبار میں آسانی سے متعلق اصلاحات اور تجارتی نظام کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا چاہتی ہے تاکہ ملک میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو۔




