سینئر کسٹمزآفیسر واجد علی کا حالیہ تبادلہ غیرمنصفانہ ہے، ارشدجمال

کراچی(کسٹم بلیٹن) سابق چیئرمین آل پاکستان کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر محمد ارشد جمال نے پاکستان کسٹمز کے سینئر افسر واجد علی کے حالیہ تبادلے کو غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں دوبارہ ممبر کسٹمز آپریشن کے عہدے پر بحال کیا جائے، ارشد جمال نے کہا کہ واجد علی طویل عرصے سے پاکستان کسٹمز میں مختلف کلیدی عہدوں پر خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں اور ہمیشہ بہترین نتائج فراہم کئے ہیں، وہ ممبر کسٹمز پالیسی کے طور پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں اور حال ہی میں انہیں ممبر کسٹمز آپریشن تعینات کیا گیا تھا مگر محض ایک ہفتے کے اندر انہیں چیف کلکٹر تعینات کر دینا نہ صرف غیرضروری بلکہ میرٹ اور کارکردگی کی کھلی خلاف ورزی ہے، انہوں نے کہا کہ واجد علی کی قیادت، دیانت داری اور کسٹمز آپریشنز پر گہری گرفت انہیں اس اہم اسامی کے لئے موزوں ترین افسر بناتی ہے، انہوں نے کہا کہ بزنس اور سروس سیکٹر کمیونٹی کا متفقہ مطالبہ ہے کہ واجد علی کو فوری طور پر ممبر کسٹمز آپریشنز بحال کیا جائے تاکہ تجارتی سہولت کاری، ریونیو کے استحکام اور ایف بی آر کی ساکھ کو تقویت ملے، بصورت دیگر یہ فیصلہ محکمے میں بے یقینی اور افسران کی کارکردگی پر منفی اثر ڈالے گا۔