Anti-SmugglingBreaking NewsCrimeEham Khabar

محکمہ کسٹمزنے کارروائی کے دوران منشیات کی اسمگلنگ کو ناکام بنادیا

کراچی(کسٹم بلیٹن) حکومتِ پاکستان کی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کی روشنی میں کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کی جانب سے منشیات کی روک تھام اور انسدادِ اسمگلنگ کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی معین الدین احمد وانی کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ بلوچستان سے بذریعہ بس ممنوعہ منشیات میراجوانہ (ویڈ) کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے کلکٹر انفورسمنٹ نے ایڈیشنل کلکٹر اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ سید محمد رضا نقوی کو احکامات جاری کیے، جنہوں نے آر سی ڈی ہائی وے پر قائم موچکہ چیک پوسٹ پر تعینات کسٹمز عملے کو بلوچستان سے آنے والی تمام کوچز اور بسوں کی مکمل جانچ اور نگرانی کے لیے سخت ہدایات دیں۔ اسسٹنٹ کلکٹر بسمہ جتوئی کی نگرانی میں کسٹمز ٹیم نے سخت نگرانی کا آغاز کیا اور اسی سلسلے میں گزشتہ روز بلوچستان سے کراچی آنے والی بس کو روک کر اس کی مکمل تلاشی لی گئی۔ دوران تلاشی، مسافروں کے سامان میں موجود کھجور اور چپس کے پیکٹس کے درمیان چھپائے گئے 13 پلاسٹک باکس برآمد ہوئے جن میں میراجوانہ (منشیات) موجود تھی۔ برآمد شدہ منشیات کا مجموعی وزن تین کلوگرام ہے جس کی مالیت تقریباً 60 لاکھ روپے بنتی ہے۔ یہ ممنوعہ منشیات ایک مسافر عارف کے قبضے سے برآمد ہوئی جسے فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔ برآمد شدہ مال کو کسٹمز عملے نے تحویل میں لے کر ضبط کر لیا اور زیر حراست ملزم کے خلاف کسٹمز و نارکوٹکس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے کو عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ حاصل کیا گیا ہے ۔ پاکستان کسٹمز ملک کو منشیات اور غیرقانونی اشیاءکی اسمگلنگ سے محفوظ رکھنے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے اور کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ مستقبل میں بھی اسی جذبے، فرض شناسی اور قومی مفاد کے تحت ایسی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button