کسٹمزانفورسمنٹ کا اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاﺅن آپریشن، بھاری مقدارمیں چھالیہ ضبط

کراچی(کسٹم بلیٹن)کسٹمزانفورسمنٹ نے تین مختلف کارروائیوں کے دوران دورکروڑسے زائدمالیت کی اسمگل شدہ چھالیہ ضبط کرکے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغازکردیاہے۔تفصیلات کے مطابق کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی معین الدین احمد وانی کی ہدایات کی روشنی میں کسٹمز انفورسمنٹ کی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات جاری ہیں۔ کلکٹرانفورسمنٹ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز سید محمد رضا نقوی نے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کو سخت کارروائیوں کی ہدایات دیں جن پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے اسسٹنٹ کلکٹر محترمہ بسما نور اور سپرنٹنڈنٹ محمد حبیب نے بلوچستان سے کراچی اور کراچی سے حیدرآباد کی سمت آنے اور جانے والی گاڑیوں کی سخت نگرانی کا آغاز کیا۔ مستند ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کوئٹہ سے کراچی اور کراچی سے دیگر شہروں کی جانب بھاری مقدار میں غیر قانونی مال اسمگل کیا جا رہا تھا، جس پر کارروائی کرتے ہوئے کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کی اینٹی اسمگلنگ ٹیم نے تین مختلف گاڑیوں کو تحویل میں لے کر ان کی تلاشی لی۔ کارروائی کے دوران ایک بیڈفورڈ ٹرک سے 1710 کلوگرام چھالیہ برآمد ہوئی جس کی مالیت تقریباً 63 لاکھ روپے تھی، ایک ڈمپر سے 3900 کلوگرام کٹی ہوئی چھالیہ برآمد ہوئی جس کی مالیت 81 لاکھ روپے اور ایک ہینو ٹرک سے 2940 کلوگرام چھالیہ برآمد ہوئی جس کی مالیت ایک کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائد تھی ،تین مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر2 کروڑ 66 لاکھ روپے مالیت کی اسمگل شدہ چھالیہ ضبط کی گئی۔ کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی مربوط حکمت عملی، مکمل نظم و ضبط اور موثر ٹیم ورک کے ساتھ اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔