Breaking NewsEham Khabar

اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے کسٹمز انٹیلی جنس کے نئے اختیارات

کراچی (کسٹم بلیٹن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ رسک مینجمنٹ کا نیا نظام اور حدود طے کردی گئی ہیں، نوٹیفکیشن کے مطابق اس ڈائریکٹوریٹ کا ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ہوگا اور اس کے ماتحت ریجنل دفاتر کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں قائم ہوں گے، اس کے ساتھ ساتھ رسک مینجمنٹ یونٹ اور کراس بارڈر کرنسی موومنٹ ونگ بھی کام کریں گے، نئے نظام کے تحت ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس پورے ملک میں کام کرنے کا اختیار رکھے گا اور وہ ایف بی آر کو رپورٹ کرے گا، ڈائریکٹر جنرل کی ذمہ داریوں میں اسمگلنگ کی روک تھام، منی لانڈرنگ کے خلاف کارروائی، درآمدات اور برآمدات میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی، جدید نظام کے ذریعے رسک مینجمنٹ اور انٹیلی جنس اکٹھی کرنا شامل ہوگا، ریجنل ڈائریکٹرز اپنے اپنے صوبوں میں انٹیلی جنس کارروائیاں کریں گے اور اسمگلنگ، ڈیوٹی وٹیکسزکی چوری اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کریں گے، رسک مینجمنٹ یونٹ پورے ملک میں درآمدات و برآمدات کے دوران خطرات کی نشاندہی اور روک تھام کے لیے کام کرے گا جبکہ کراس بارڈر کرنسی موومنٹ ونگ سرحدوں کے ذریعے غیر قانونی کرنسی کی نقل و حرکت کو روکنے کا ذمہ دار ہوگا، نوٹیفکیشن کے تحت پرانے کسٹمز انٹیلی جنس دفاتر کے تمام وسائل، ملازمین اور بجٹ نئے ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ رسک مینجمنٹ کو منتقل کردیئے گئے ہیں، مزید یہ کہ عملدرآمد کے دوران اگر کوئی مشکل سامنے آئی تو اس کو حل کرنے کے لیے ایف بی آر نے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کردی ہے جو 30 دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ نوٹیفکیشن کے تحت ڈائریکٹر جنرل کے ذمہ اسٹریٹجک قیادت، رسک مینجمنٹ اینڈ کمپلائنس اسٹریٹجی، انٹیلی جنس اکٹھا کرنا، نیشنل ٹارگٹنگ سینٹر کے آپریشنز، کسٹمز رسک مینجمنٹ سسٹم کی نگرانی، ٹریننگ اور کارکردگی مانیٹرنگ شامل ہوں گی، ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز اینڈ ٹارگٹنگ پورے ملک میں نیشنل ٹارگٹنگ سینٹر اور ہیڈکوارٹر کے انتظامی و تجزیاتی امور سرانجام دے گا، ریجنل ڈائریکٹرز سندھ، پنجاب، اسلام آباد، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں انٹیلی جنس کارروائیوں، اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام اور دیگر کسٹمز سے متعلقہ افعال انجام دیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button