Breaking NewsEham Khabar

سولر پینلز کی درآمدی قیمت میں کمی کا اعلان، ویلیوایشن رولنگ کا اجراء

کراچی (کسٹم بلیٹن) ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمز ویلیوایشن کراچی نے عالمی منڈی میں سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی اور درآمدکنندگان کی درخواستوں پر غور کے بعد درآمدی کسٹمز ویلیو ازسرنو مقرر کر دی ہے، جس کے تحت اب ٹیئر ون مینوفیکچررز کے سولر پینلز کی ویلیو 0.09 امریکی ڈالر فی واٹ جبکہ دیگر مینوفیکچررز کے لیے 0.08 امریکی ڈالر فی واٹ مقرر کی گئی ہے، اس فیصلے سے قبل جولائی 2024 میں ویلیوایشن رولنگ نمبر 1894/2024 کے تحت بلند نرخ مقرر کیے گئے تھے جن پر پاکستان سولر ایسوسی ایشن اور متعدد درآمدکنندگان نے اعتراض اٹھایا تھا، جن کا کہنا تھا کہ پرانی ویلیوایشن رولنگ بین الاقوامی قیمتوں سے مطابقت نہیں رکھتی اور اس کے باعث بینکوں میں کلیئرنس کے مراحل تعطل کا شکار ہیں، ڈائریکٹوریٹ کو پاکستان سولر ایسوسی ایشن کی جانب سے 21 جنوری 2025 کو باضابطہ درخواست موصول ہوئی جس کے بعد 19 فروری 2025 کو ابتدائی اجلاس اور 1 جولائی 2025 کودوسرا اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں درآمدکنندگان نے تجارتی انوائسز، گڈز ڈیکلریشنز اور گزشتہ 90 دنوں کا کلیئرنس ڈیٹا جمع کروایا، جس کی بنیاد پر ڈائریکٹوریٹ نے ویلیوایشن رولنگ کا ازسرنو جائزہ لیا، اور کسٹمز ایکٹ 1969 کے سیکشن 25 کے تحت دستیاب تمام ویلیوایشن طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے آخرکار سیکشن 25(6) کے تحت مشابہ مال کی بنیاد پر نئی کسٹمز ویلیو طے کی، ٹیئر ون مینوفیکچررز کی فہرست بلوم برگ نیف کی رپورٹ 2024 کی بنیاد پر ترتیب دی گئی ہے جس میں لانجی، جے اے سولر، ٹرائنا، کینیڈین سولر، فرسٹ سولر، رائزن انرجی، سنٹیک اور دیگر معروف برانڈز شامل ہیں، تاہم اگر کسی درآمدکنندہ کے پاس بین الاقوامی سطح پر کسی مینوفیکچرر کے ٹیئر ون ہونے کے شواہد ہوں تو متعلقہ کسٹمز کلکٹریٹ اس کا جائزہ لے کر مناسب ویلیو لاگو کر سکتا ہے، ڈائریکٹوریٹ نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی درآمدی کنسائمنٹس کی انوائس میں درج ویلیو یا ڈی کلیئرڈ ویلیو اس مقررہ کسٹمز ویلیو سے زیادہ ہو تو کسٹمز ایکٹ کے مطابق زیادہ ویلیو پر ہی اسسمنٹ کی جائے گی، جب کہ فضائی راستے سے آنے والے سامان پر ایئر فریٹ اور سی فریٹ کے فرق کو مدنظر رکھ کر ویلیو مقرر کی جائے گی، نئی رولنگ سے نہ صرف درآمدی لاگت میں کمی آئے گی بلکہ بینکوں کی سطح پر درپیش تکنیکی رکاوٹیں بھی دور ہوں گی، جس کے نتیجے میں سولر پینلز کی درآمدات میں اضافہ اور پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے فروغ کو تقویت ملے گی، یہ ویلیوایشن رولنگ فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے اور اس کے خلاف 30 روز کے اندر ڈائریکٹر جنرل کسٹمز ویلیوایشن کے روبرو اپیل دائر کی جا سکتی ہے، ڈائریکٹوریٹ نے تمام کسٹمز کلیکٹریٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس رولنگ پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کے ابہام کی صورت میں فوری طور پر آگاہ کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button