ایف بی آر نے بھارت اور اسرائیل کو بین الاقوامی بولی کیلئے نااہل قرار دے دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بھارت اور اسرائیل کو جاری بین الاقوامی خریداری (انٹرنیشنل پروکیورمنٹ) کے عمل سے نااہل قرار دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ آڈٹ سے متعلق خدمات کے حصول کے لیے جاری عمل کے تحت کیا گیا ہے، جو پاکستان کی وفاقی پالیسی ہدایات کی روشنی میں عمل میں آیا ہے۔ایف بی آر نے وضاحت کی ہے کہ ادارہ کسٹمز کی جانب سے وصول کیے جانے والے گڈزچارجزسروس ڈیکلریشن کی شفافیت یقینی بنانے کے لیے ایک معتبر اور خودمختار چارٹرڈ اکاو¿نٹنسی فرم کی خدمات حاصل کرنا چاہتا ہے، جو اس نظام کے تحت کی جانے والی آمدنی اور ادائیگیوں کا سالانہ آڈٹ کرے گی۔ یہ آڈٹ کسٹمز جنرل آرڈر نمبر 04 آف 2024 کے تحت لازمی قرار دیا گیا ہے، جس کا مقصد مالی شفافیت اور احتساب کو فروغ دینا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق عمومی طور پر تمام ممالک کی کنسلٹنسی فرمز کو اس نوعیت کی خریداری میں حصہ لینے کی اجازت ہوتی ہے، تاہم ان ممالک کو استثنا حاصل نہیں ہوتا جن پر حکومتی پالیسیوں کے تحت پابندیاں عائد ہیں۔ اس ضمن میں بھارت اور اسرائیل کو واضح طور پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ غیر ضروری یا ذاتی بنیادوں پر نہیں بلکہ وفاقی حکومت کی متعلقہ ہدایات اور بین الاقوامی تجارتی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ مزید برآں، یہ اقدام وزارت داخلہ کی بزنس فرینڈلی کنٹریز لسٹ کے تحت جاری رہنما اصولوں کے عین مطابق ہے۔




