ایف بی آر نے معلوماتی تبادلے کے سافٹ ویئر کی تیاری کے لیے بزنس ڈومین ٹیم تشکیل دے دی

اسلام آباد(کسٹم بلیٹن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے خودکار معلوماتی تبادلے کے لیے مقامی سطح پر آئی ٹی سافٹ ویئر کی تیاری سے متعلق ٹرمز آف ریفرنس مرتب کرنے کے لیے بزنس ڈومین ٹیم تشکیل دے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایف بی آرکی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق مجاز اتھارٹی کی منظوری سے چھ رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس میں ایف بی آر ہیڈکوارٹر سے چیف انٹرنیشنل ٹیکسز فدا محمد، سیکریٹری آٹومیٹک ایکسچینج آف انفارمیشن مہدی حسن، برطانیہ کے ادارہ ایف سی ڈی او کے پراجیکٹ ریمنٹ سے ریونیو ایڈوائزر اکبر میو، پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) سے ڈائریکٹر ڈاکٹر فرید ظفر، پرنسپل ڈیٹا انجینئر عظیم شوکت اور نیٹ ورک مینیجر ریاض عالم شامل ہیں۔ مذکورہ ٹیم مشاورتی ادارے (پرائس واٹر ہاو¿س کوپرز) کے ساتھ مل کر دیگر تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے گی اور ایک جامع ٹرمز آف ریفرنس تیار کرے گی جس میں ایف بی آر کے لیے خودکار معلوماتی تبادلے کے مقامی آئی ٹی حل کے لیے کنسلٹنٹ آئی ٹی فرم کی خدمات حاصل کرنے کے لیے دائرہ کار، تقاضے اور تکنیکی شرائط کو واضح کیا جائے گا۔ یہ مقامی سافٹ ویئر اوای سی ڈی کے طے کردہ عالمی معیار کے مطابق خودکار طریقے سے ٹیکس سے متعلق معلومات کے تبادلے کو ممکن بنانے کے لیے تیار کیا جائے گا تاکہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر اپنی ذمہ داریاں مو¿ثر طور پر نبھا سکے۔




