Breaking NewsEham Khabar

شوگر بحران سے نمٹنے کے لیے بڑا اقدام: پانچ لاکھ ٹن چینی کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ

اسلام آباد (بزنس ڈیسک)ملک میں ممکنہ چینی بحران اور قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پانچ لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد پر بڑے پیمانے پر ٹیکس ریلیف دے دیا ہے۔یہ فیصلہ وفاقی کابینہ کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے، جس کے تحت ایف بی آر نے تین علیحدہ ایس آر او 1215،ایس آراو1216،ایس آراو1217جاری کیے گئے ہیں،ایس آراو1215 کے تحت چینی کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے۔ یہ سہولت ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) اور نجی شعبے دونوں کے لیے دستیاب ہوگی، بشرطیکہ وہ وزارت تجارت کی جانب سے مختص کئے گئے کواٹہ، شرائط اور کوالٹی کنٹرول کے اصولوں پر پورا اتریں۔ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ ایس آراو1216کے تحت، انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 148 کے تحت وصول کیے جانے والے وِد ہولڈنگ ٹیکس کو کم کر کے صرف0.25فیصد کر دیا ہے۔ یہ چھوٹ بھی وہی درآمد کنندگان حاصل کر سکیں گے جو متعین کردہ وقت اور کوٹے کے اندر چینی درآمد کریں گے۔ایس آراو1217کے تحت درآمد شدہ اور فروخت کی جانے والی چینی پر سیلز ٹیکس کی شرح 18 فیصد سے کم کرکے 0,25فیصد کردیاگیاہے ۔اسی کے ساتھ ساتھ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے شیڈول 12 کے تحت لگنے والا 3 فیصد ویلیو ایڈیشن ٹیکس بھی مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ تمام درآمدی چینی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق قرار دینا ہوگا، حکومت نے چینی کی درآمد پر تمام بڑے ٹیکس ختم یا کم کر دیے ہیں تاکہ ملک میں چینی کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے اور قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button