سیلز ٹیکس رجسٹرڈ افراد کیلئے الیکٹرانکس انوائسنگ لازمی قرار

اسلام آباد(کسٹم بلیٹن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو سیلز ٹیکس رجسٹرڈافرادکے لئے الیکٹرانکس انوائسنگ لازمی قراردیتے ہوئے سیلز ٹیکس ایکٹ کی شق50 اور سیلز ٹیکس رولزکے تحت نیا ایس آر او1413 جاری کر دیا ہے، جس کے تحت تمام مخصوص سیلز ٹیکس رجسٹرڈ افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ہارڈویئر اور سافٹ ویئر کو ایف بی آر کے کمپیوٹرائزڈ نظام سے لائسنس یافتہ کمپنی یا پرال کے ذریعے مربوط کریں اور الیکٹرانک انوائس کا اجراءمقررہ تاریخوں تک لازمی طور پر شروع کریں۔ یہ نوٹیفکیشن ایس آر او 709مورخہ22 اپریل 2025 کی جگہ جاری کیا گیا ہے۔ ایس آر او کے مطابق تمام امپورٹرز کو 10 اگست 2025 تک ای-انوائسنگ سسٹم سے منسلک کرناہوگا جبکہ ایسی تمام کمپنیاں جن کا گزشتہ بارہ ماہ کے سیلز ٹیکس گوشواروں میں ظاہر کردہ سالانہ ٹرن اوور ایک ارب روپے سے زیادہ ہے، انہیں 25 اگست 2025 تک سسٹم سے ہم آہنگی مکمل کرنا ہوگی۔ وہ کمپنیاں جن کا ٹرن اوور 100 ملین روپے سے زیادہ لیکن ایک ارب روپے سے کم ہے، ان کے لیے آخری تاریخ 1 ستمبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح 100 ملین روپے سے کم ٹرن اوور رکھنے والی کمپنیاں، 100 ملین سے زائد ٹرن اوور رکھنے والے افراد اور ایسوسی ایشنز کو بھی 1 ستمبر 2025 تک ایف بی آر کے نظام سے منسلک ہونا ہوگا۔ دیگر تمام رجسٹرڈ افراد جو ان زمروں میں شامل نہیں، ان کے لیے بھی 1 ستمبر 2025 ہی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ ایف بی آر کے اس اقدام کا مقصد کاروباری لین دین کی شفاف نگرانی، ریئل ٹائم رپورٹنگ، اور ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا ہے تاکہ قومی محصولات میں اضافہ اور مالیاتی نظام کی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔




