ایف بی آر نے ٹرمینل آپریٹرز کی نگرانی سخت کر دی

کراچی (کسٹم بلیٹن)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ملک بھر کے تمام بندرگاہی اور سرحدی ٹرمینل آپریٹرز کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھنے اور ان کی نگرانی کا نظام مزید سخت کرتے ہوئے متعلقہ کسٹمز کلیکٹریٹس کو جامع ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ایف بی آر کی جانب سے 11 جولائی کو جاری کردہ کسٹمز جنرل آرڈر نمبر 07 آف 2025 کے تحت تمام سمندری بندرگاہوں، آف ڈاک ٹرمینلز، ڈرائی پورٹس اور زمینی سرحدی اسٹیشنز کے آپریٹرز کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ یہ ادارے کسٹمز رولز 2001 کے تحت طے کردہ کم از کم آپریشنل تقاضوں پر مکمل طور پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ ان تقاضوں میں بنیادی ڈھانچے کی دستیابی، مو¿ثر سیکیورٹی نظام، آئی ٹی نظام کا کسٹمز کمپیوٹرائزڈ سسٹم سے انضمام، جانچ کی مناسب سہولیات اور درست و مکمل دستاویزی طریقہ کار شامل ہے۔ خاص طور پر آف ڈاک ٹرمینلز کو 30 جولائی 2024 کو جاری کردہ ہدایات کے مطابق رول 554A کے تحت اضافی شرائط پر بھی عملدرآمد کرنا لازم ہوگا۔ ایف بی آر نے ہر ٹرمینل کی کارکردگی کا ہر چھ ماہ بعد باقاعدہ معائنہ لازمی قرار دیتے ہوئے متعلقہ ریگولیٹری کلیکٹریٹس کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر معائنے میں اداروں کی شرائط پر عملدرآمد کی سطح اور معیار پر مبنی تفصیلی رپورٹ مرتب کریں۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف ٹرمینل آپریشنز کو قانونی تقاضوں کے دائرے میں لانا ہے بلکہ شفافیت، احتساب اور قومی محصولات کے تحفظ کو بھی یقینی بنانا ہے۔




