کسٹمزافسران کی ملی بھگت سے وی بوک کے ذریعے سیکڑوں اسمگل گاڑیوں کی رجسٹریشن کا انکشاف

کراچی (کسٹم بلیٹن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے وی بوک سسٹم کے ذریعے اسسٹنٹ وڈپٹی کلکٹرز کی ملی بھگت سے اسمگل شدہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کی سنگین خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ فیلڈ افسران کو کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ایف بی آر کے کسٹمز آپریشنز ونگ کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ کسٹمز کراچی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریفارمز اینڈ آٹومیشن سے موصولہ رپورٹ کے مطابق، بعض عناصر نے ڈپٹی کلکٹر و اسسٹنٹ کلکٹر آکشن یوزر آئی ڈیز کا غلط استعمال کرتے ہوئے اسمگل شدہ اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو آکشن شدہ ظاہر کر کے وی بوک سسٹم میں فیڈ کر دیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 1909 مشتبہ گاڑیوں کا ڈیٹا جانچا گیا، جن میں سے 341 گاڑیاں ایسی پائی گئیں جنہیں غیر قانونی طور پر سسٹم میں شامل کیا گیا۔ ایف بی آر نے تمام فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان گاڑیوں کی مکمل تفصیلات (رجسٹریشن نمبر، مالکان کے نام، پتے اور شناختی کارڈ نمبرز وغیرہ) فوری طور پر اکٹھا کریں اور ان کی ضبطی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف، جہاں ضروری ہو، فوجداری کارروائی عمل میں لائی جائے اور تمام 1909 گاڑیوں کی تصدیق اور آکشن سے متعلق مکمل ریکارڈ کی جانچ پڑتال کر کے 15 دن کے اندر ایف بی آر کو رپورٹ جمع کرائی جائے۔ یہ ہدایات ایف بی آر کے سیکریٹری (انفورسمنٹ) افنان خان کی دستخط شدہ مراسلے کے ذریعے جاری کی گئیں، جس کی نقل ممبر کسٹمز آپریشنز کو بھی بھجوائی گئی ہے۔



