ڈائریکٹر جنرل پی سی اے ڈاکٹر ذوالفقار علی چوہدری کے اعزاز میں پروقار الوداعی تقریب

کراچی(کسٹم بلیٹن) پاکستان کسٹمز کے سینئر ترین اور اعلیٰ پایہ کے افسر ڈاکٹر ذوالفقار علی چوہدری کی باوقار سبکدوشی کے موقع پر ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی، جو ڈاکٹرذوالفقارعلی چوہدری کی تین دہائیوں سے زائد پر محیط بے مثال خدمات، پیشہ ورانہ تدبر اورمحکمانہ اصلاحات کے اعتراف میں ایک شاندار خراجِ تحسین کی صورت اختیار کر گئی، تقریب کا اہتمام مشترکہ طورپرڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ساﺅتھ، پی سی اے ہیڈکوارٹرز اور ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنل آڈٹ کراچی نے کیا، تقریب میں محکمہ کسٹمز کے اعلیٰ افسران، مختلف شعبوں کے نمائندگان اور پاکستان کسٹمز اکیڈمی کے زیر تربیت افسران کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت ممبر فیس لیٹیشن و ٹاسک فورس یعقوب ماکو نے کی جبکہ اس موقع پرچیف کلکٹر ایکسپورٹ محمد صادق، چیف کلکٹر اپریزمنٹ ساﺅتھ جمیل ناصر اور ڈائریکٹر جنرل ویلیوایشن و افغان ٹرانزٹ محسن رفیق سمیت دیگر افسران موجودتھے اس موقع پر ڈاکٹر چوہدری کی خدمات کو سراہا گیا، اور ان کی قیادت میں ادارے میں کی گئی ڈیجیٹل اصلاحات، انٹیلی جنس پرمبنی آڈٹ سسٹم اور شفافیت پر مبنی فیصلوں کو ادارے کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا گیا۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی چوہدری نے اپنے خطاب میں نہ صرف اپنے کیریئر کے قابلِ ذکر لمحات کا ذکر کیا بلکہ نوجوان افسران کو فرض شناسی، دیانت، تحقیق و تدبر اور تیزی سے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق خود کو ہم آہنگ کرنے کی تلقین بھی کی۔ ان کی باتوں نے شرکاءپر گہرا اثر چھوڑا اور تقریب ایک جذباتی مگر پ±روقار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں ایک درخشاں باب اپنے انجام کو پہنچا مگر ادارے کی تاریخ میں ہمیشہ روشن رہے گا۔




