ایف بی آر کا فیس لیس ریویو، سماعتیں اب آن لائن

کراچی (کسٹم بلیٹن)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے فیس لیس اسیسمنٹ نظام کے تحت ریویو کیسز کی سماعتیں اب ورچوئل پلیٹ فارم پر منعقد کرنے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد کسٹمز کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور کاروبار کرنے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس ضمن میں ایف بی آر نے کسٹمز جنرل آرڈر نمبر 06 آف 2025 جاری کیا ہے، جس کے تحت اب تمام ریویو سماعتیں آن لائن کی جائیں گی جہاں پہلے فزیکل حاضری لازمی ہوتی تھی۔ اس نئے اقدام سے درآمد کنندگان اور اسیسمنٹ افسران کے درمیان غیر ضروری تاخیر اور براہ راست ملاقاتوں کی ضرورت کم ہو جائے گی۔ کسٹمز رولز 2001 کے رول 441 کے تحت اگر کسی درآمد کنندہ کو اسیسمنٹ آفیسر کے فیصلے پر اعتراض ہو تو وہ یا اس کا مجاز نمائندہ ریویو کی درخواست دے سکتا ہے، جو پہلے اسسٹنٹ یا ڈپٹی کلیکٹر سنتے تھے اور اس کے لیے دستی کاغذات اور فزیکل سماعت کی ضرورت ہوتی تھی۔ اب WeBOC سسٹم کے تحت تمام کارروائیاں آن لائن ہوں گی، تاہم مخصوص صورتوں میں جیسے کسی جسمانی نمونے یا اصل دستاویز کی پیشی ضروری ہو تو فزیکل سماعت کی اجازت دی جا سکے گی۔ نئے حکم کے مطابق جب بھی کسی گڈز ڈیکلریشن کو سیکنڈ ریویو کے لیے اسسٹنٹ یا ڈپٹی کلیکٹر کو بھیجا جائے گا، تو وہ تاجر کے تبصروں کا جائزہ لے گا اور وضاحت درکار ہونے کی صورت میں ورچوئل سماعت کا اہتمام کرے گا۔ ایف بی آر کے اس قدم سے نہ صرف نظام میں شفافیت اور رفتار بڑھے گی بلکہ تاجر برادری کو بھی درپیش مشکلات میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔




