ایف بی آر کا درآمدی عمل کو آسان بنانے کا فیصلہ،کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کے بعد ادائیگی کی سہولت کا احکامات

اسلام آباد (کسٹم بلیٹن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کسٹمز ایکٹ کی شق79 کے تحت ایک اہم سہولت کا اعلان کرتے ہوئے ایس آر او1360جاری کر دیا ہے جس میںکہاگیاہے کہ کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد ڈیوٹی، ٹیکسز اور دیگر واجبات ادا کر سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق ایف بی آرکی جانب سے جاری کردہ ایس آراو کے مطابق اب ایسے درآمد کنندگان یا کلیئرنگ ایجنٹس جو بحری جہاز کے برتھ پر آنے یا گاڑیوں کے کراس اوور ایونٹ سے قبل گڈز ڈیکلریشن (جی ڈیز) فائل کرتے ہیں، وہ کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد ڈیوٹی، ٹیکسز اور دیگر واجبات ادا کر سکیں گے اس سہولت کا نفاذ30جولائی2025سے ہوگیاہے۔ایس آراوکے مطابق اس اقدام کا مقصد کاروباری طبقے کو مالیاتی دباو¿ سے نجات دینا، کسٹمز کلیئرنس کو مزید موثر بنانا، اور قبل از آمد گڈز ڈیکلریشن کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ درآمدی کنسائمنٹس کی کلیئرنس میں تیزی لائی جا سکے۔ اس نئے طریقہ کار سے خاص طور پر بڑے درآمدکنندگان، صنعتی صارفین، اور کم وقت میں کلیئرنس کے خواہاں تاجروں کو فائدہ پہنچے گا۔ذرائع کے مطابق قبل از برتھنگ یا کراس اوور کے تحت جی ڈی فائل کرنے والے درآمدکنندگان کو کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال سے پہلے ہی ڈیوٹی و ٹیکسز ادا کرنا پڑتے تھے، جس سے اکثرادائیگی میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوتی تھی۔ اب جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد ادائیگی کی سہولت سے یہ عمل زیادہ شفاف، منظم اور تجارتی لحاظ سے آسان ہو جائے گا۔




