پاک افغان سرحدی کشیدگی ،افغان ٹرانزٹ کارگو کی ترسیل معطل، ہزاروں کنٹینرز اور ٹرک مختلف مقامات پر پھنس گئے

کراچی(کسٹم بلیٹن) پاک افغان سرحد پر حالیہ بدامنی کے بعد پاکستان نے افغان ٹرانزٹ کارگو کی ملک بھر میں ترسیل غیرمعینہ مددکے لئے مکمل طور پر معطل کر دی ہے جس کے باعث تقریباً ایک ہزار کنٹینرز اور ٹرک مختلف مقامات پر پھنس گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کوئٹہ اور پشاور کے کسٹم اسٹیشن اپنی زیادہ سے زیادہ گنجائش تک بھر چکے ہیں جس سے سکیورٹی کے سنگین مسائل پیدا ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی بندرگاہوں پر پانچ سو کنٹینرزجوکہ گاڑیوں پر لدے ہوئے تھے اتارے جاچکے ہیں جبکہ 300 کیریئر جو اشیائے ضروریہ لے کر افغانستان جا رہے تھے، چمن بارڈر پر روک دیے گئے ہیں اور تقریباً150 ٹرک طورخم سرحد پر کھڑے ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ نے اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے ٹرمینل آپریٹرز، لائسنس یافتہ ٹریکنگ کمپنیوں، کیریئرز ایسوسی ایشن اور افغان کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس کے ساتھ ہنگامی اجلاس منعقد کیا جس میں سرحدی کشیدگی کے باعث تجارتی سرگرمیوں کی مکمل بندش پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ فریقوں سے تفصیلی مشاورت کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ افغان ٹرانزٹ آپریشن فوری طور پر معطل کر دیا جائے۔ سرکاری دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ اور پشاور کے کسٹم اسٹیشن گنجائش کی حد تک بھر چکے ہیں اوکارگو کی سکیورٹی سے متعلق شدید خدشات پائے جاتے ہیں۔ کراچی کی بندرگاہوں پر موجود تمام افغان ٹرانزٹ کنٹینرز جو گاڑیوں پر لادے گئے تھے، اتار دیے گئے ہیں اور ان کے گیٹ پاس بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں جبکہ افغان ٹرانزٹ کنٹینرز کی مزید ترسیل غیر معینہ مدت کے لیے روک دی گئی ہے جب تک افغانستان کے ساتھ سرحدی کسٹم اسٹیشنوں پر تجارتی سرگرمیاں بحال نہیں ہوتیں۔



